میلبورن(نیوزایجنسیاں) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ناکام سینئرز کی ڈھارس بندھانے میں مصروف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کی ڈریسنگ روم میں قدر کم نہیں ہوئی جب کہ رخصتی کا فیصلہ دونوں کو خود ہی کرنا ہے۔مصباح الحق اور یونس خان کی کارکردگی مسلسل زوال پذیر ہے، میلبورن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی دونوں توقعات کا بوجھ اٹھانے میں ناکام رہے، پریس کانفرنس میں سینئرز کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوال پر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اس کے بارے میں تو سینئرز خود ہی بتا سکتے ہیں لیکن ڈریسنگ روم میں ان کی قدر کم نہیں ہوئی، جب بھی بیٹنگ کیلیے جائیں، مینجمنٹ اور ٹیم سب ان کی سپورٹ کرتے ہیں، دونوں نے یہ عزت ایک دن میں نہیں کمائی، مصباح الحق نے 6 سال قیادت کا حق ادا کیا ہے۔یونس خان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ 10 ہزار رنز کے قریب ہیں، اگر وہ کیریئر جاری رکھتے ہیں تو جونیئرز کیلیے رہنمائی اور تربیت کا ذریعہ ہوں گے اور اگر ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرتے ہیں تو ہمیں دیگر متبادل کرکٹرزکی کھیپ میں سے خلا پر کرنے کیلیے محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی دونوں کرکٹرز فٹ، بھرپور پریکٹس اور ٹریننگ کررہے ہیں، دوسروں کے لیے رول ماڈل بھی ہیں، سمیع اسلم، بابر اعظم، اظہر علی اور شرجیل خان جیسے پلیئرز کا کھیل نکھارنے کیلیے دونوں سینئرزکا ساتھ مزید مل جائے تو بہتر ہوگا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے بعد گرین کیپس کو مارچ میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے، مصباح الحق اور یونس خان کا مستقبل کا پلان طویل فارمیٹ میں پاکستان کی راہیں متعین کرے گا۔