تازہ تر ین

سشانت سنگھ خودکشی کیس: بدنام کرنے پر ارباز خان نے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

بولی وڈ اداکار و پروڈیوسر ارباز خان نے خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ کے کیس میں اپنا نام منسلک کیے جانے اور بدنام کیے جانے پر مختلف افراد کے خلاف ہرجانے کے مقدمات دائر کردیے۔

سشانت سنگھ راجپوت نے رواں برس 14 جون کو خودکشی کی تھی اور بھارت کی مرکزی تفتیشی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) ان کے کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کو 4 ماہ گزر جانے کے باوجود بھارتی پولیس اور دیگر تفتیشی ادارے اس بات کا پتا نہیں لگا پائے کہ اداکار نے کن وجوہات کی بنا پر خودکشی کی تھی۔

سشانت سنگھ خودکشی کیس کی تفتیش میں اس وقت نیا موڑ آیا جب اداکار کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی نے رواں ماہ ستمبر کے آغاز میں سی بی آئی کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ سشانت سنگھ منشیات استعمال کرتے تھے۔

ریا چکربورتی کے اعتراف کے بعد سی بی آئی نے مذکورہ کیس میں منشیات کے معاملے کی تحقیق کے لیے نارکوٹکس بیورو کو تفتیش سونپی، جس نے ریا چکربورتی کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔

ریا چکربورتی نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ وہی سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی تھیں اور انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اداکار کے گھر پر ہونے والی منشیات پارٹیوں میں سارہ علی خان، دپیکا پڈوکون اور شردھا کپور سمیت کئی بولی وڈ شخصیات آتی تھیں۔

ریا چکربورتی کے انکشافات کے بعد نارکوٹکس بیورو نے سارہ علی خان، دپیکا پڈوکون اور شردھا کپور سمیت دیگر شخصیات سے بھی تفتیش کی تھی اور اب مذکورہ کیس سشانت سنگھ کی خودکشی کے بجائے بولی وڈ میں منشیات کے استعمال کا کیس بن چکا ہے۔

سشانت سنگھ خودکشی کیس میں ہر روز نئے انکشافات سامنے آنے اور سوشل میڈیا پر مختلف شوبز شخصیات پر الزامات لگائے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اسی سلسلے کے تحت سوشل میڈیا پر متعدد لوگوں نے بولی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کے بھائی ارباز خان پر بھی کئی الزامات لگائے تھے۔

سوشل میڈیا پر اپنے خلاف الزامات لگائے جانے کے بعد ارباز خان نے الزامات لگانے والے افراد کے خلاف ہتک عزت کے دعوے دائر کردیے۔

بھارتی اخبار انڈیا وڈے کے مطابق ارباز خان نے ممبئی کی سول کورٹ میں کم از کم تین سوشل میڈیا شخصیات کے خلاف ہرجانے کے دعوے دائر کردیے۔

ہرجانے کے دعوے دائر کرتے ہوئے ارباز خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سشانت سنگھ خودکشی کیس میں ان کا نام منسلک کر انہیں بدنام کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی فلمی ’معمہ‘ بن گئی

ارباز خان نے سشانت سنگھ خودکشی کیس میں انہیں بدنام کرنے پر وبھور آنند، ساکشی بھنڈاری اور دیگر ملزمان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔

عدالت نے ارباز خان کی درخواست پر عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ملزمان کو متنازع مواد ہٹانے کا حکم بھی جاری کردیا۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں سوشل میڈیا شخصیات کو ارباز خان کے خلاف شیئر کیا گیا تمام مواد بشمول، ویڈیوز، ٹوئٹس اور پوسٹس کو ہٹانے کا حکم دیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ سشانت سنگھ کیس میں کسی بولی وڈ شخصیت نے اپنے اوپر لگے الزامات کے بعد الزامات لگانے والوں کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

سشانت سنگھ خودکشی کیس میں بھارتی سوشل میڈیا اور میڈیا پر متعدد بولی وڈ شخصیات پر مختلف قسم کے الزامات لگائے جانے کا سلسلہ چار ماہ سے جاری ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain