لاہور: برطانوی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے 13دسمبر سے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لئے جدید ائیربس A.332استعمال کرے گی۔
برطانیہ سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے خوش خبری آ گئی،ترجمان کے مطابق برطانوی ایئر لائن ورجن اٹلانٹک نے 13دسمبر سے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن شروع کرے گی اور ورجن اٹلانٹک نے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے جبکہ سی اے اے کی جانب سے سلاٹ اورپروازوں کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ورجن اٹلانٹک پاکستان کے لئے جدید ائیربس A.332استعمال کرے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سول ایوی ایشن نے ورجن اٹلانٹک ایئر لائن کو پاکستان کے لیے ہفتہ وار 8 پروازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی ہے اور سی اے اے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے ورجن اٹلانٹک کو لاہور اور اسلام آباد کے لئےنوٹیفکیشن جاری کردیا ہے،ورجن اٹلانٹک لندن سے لاہور ہفتہ وار 4 پروازیں، لندن سے اسلام آباد کے لئے ہفتہ وار 3پروازیں آپریٹ کرے گی اور مسافروں کو لاہور اور اسلام آبادسے براہ راست لندن کے لیے ورجن اٹلانٹک ایئر ویز کی پرواز یں سفری سہولت میسر ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سی اے اے نے ورجن ایئرلائن کو مانچسٹر سے پاکستان کے لیے پروازوں کی اجازت نہیں دی،ایئر لائن کا 7 اور 9 دسمبرکو کارگو طیارہ سامان اور عملے کو لیکر لاہورپہنچے گا جبکہ ورجن اٹلانٹک ایئر لائن کی پہلی پرواز 13دسمبرکو لندن سے لاہور کے لیے اڑان بھرے گی اور پرواز 14دسمبر کی صبح لاہور پہنچے گی،بر طانوی سفارتی عملہ اور سی اے اے کے افسران لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کریں گے۔