پشاور: وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبرٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن سلنڈرز بروقت نہ پہنچنے پر کورونا کے 7 مریض جاں بحق ہو گئے۔
تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور میں گزشتہ رات آکسیجن کی سپلائی میں کمی کا واقعہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں آکسیجن سلنڈرز بروقت نہ پہنچنے پر کورونا کے 7 مریض جاں بحق ہو گئے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ اسپتال کے بورڈ آف گورنر کو 2 روز کے اندر انکوائری و ایکشن کا کہا گیا ہے۔
تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ مطمئن نہ ہونے کی صورت میں حکومت خود اپنی آزادانہ انکوائری کرائے گی۔
دوسری جانب خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان فرہاد خان کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسپتال میں کورونا مریضوں کے لیے 106 بیڈز مختص ہیں، ہر مریض کو آکسیجن کی ضرورت رہتی ہے۔
فرہاد خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ماہ سے اسپتال کے لیے آکسیجن کا کوٹہ ڈبل کر دیا دیا گیا ہے، 5 ہزار لیٹر کے بجائے اب 10 ہزار لیٹر آکسیجن دستیاب ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 100 آکسیجن سلنڈرز اسٹینڈ بائی رہتے ہیں، ناگزیر وجوہات کی بنا پر آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی بروقت نہ ہو سکی، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 8361 ہو گئی ہے جس میں سے کے پی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1404 ہے۔