فاسٹ بولر محمد عامر نے مصباح الحق اور وقار یونس کو عہدے سے ہٹائے جانے کی شرط پر ريٹائرمنٹ واپس لينے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
سماء کے پروگرام ’’اسپورٹس ایکشن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ اگر مصباح اور وقار جاتے ہيں تو ريٹائرمنٹ واپس لينے کو تيار ہوں کیونکہ دونوں کے ساتھ معاملات اب حل نہيں ہوسکتے۔
ریٹائرمنٹ واپس لینے سے متعلق محمد عامر نے کہا کہ بورڈ کے پاس خود جا کر کہوں گا کہ ميں دستياب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے کھلاڑی بورڈ کو دونوں کی شکايتيں کر چکے ہيں جبکہ کئی کھلاڑيوں نے مصباح اور وقار کے رويے کی شکايت کی۔ ہيڈ کوچ کچھ اور بالنگ کوچ کچھ اور کہتے ہيں، دونوں ايک پيج پر نہيں ہيں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ مصباح اور وقار مجھے پسند نہيں کرتے اور نہ ہی رکھنا چاہتے ہیں اس لیے جو ميرے بارے ميں اچھا نہيں سوچتے، ان کے ساتھ کيسے کھيلوں؟
انہوں نے شکوہ کیا کہ انگلينڈ ميں جان بوجھ کر مجھ سے پرانی گيند کرائی گئی۔ مجھے سينٹرل کانٹریکٹ سے نکال ديا گيا لیکن کچھ نہيں کہا اور کارکردگی کی بات کرتے ہیں تو بنگلاديش پريميئر ليگ ميں ميری پرفارمنس سب کے سامنے تھی۔
محمد عامر نے کہا کہ مجھے ذہنی اذیت دی جاتی اور پھر بات بھی نہیں کرتے تھے۔ جان بوجھ کر کھلاڑی کو خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور ميرے ساتھ جان بوجھ کر ایسا کيا گيا يا پھر مینجمنٹ لاعلم ہے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ وقار سے سوال شاہين آفريدی کا ہوتا ہے اور جواب وہ عامر کا ديتے ہيں۔
واضح رہے کہ ایک ماہ قبل محمد عامر نے مصباح الحق اور وقار یونس پر ناروا سلوک کا الزام لگاتے ہوئے کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ دے دی تھی