چنئی: انگلش کپتان جو روٹ نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرکے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا ریکارڈ توڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان جو روٹ اپنے 100ویں ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے، جو روٹ نے بھارت کے خلاف چنئی ٹیسٹ میں 218 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے 100ویں ٹیسٹ میں 184 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
جو روٹ نے اپنے کیریئر میں یہ پانچویں ڈبل سنچری اسکور کی، انگلش کپتان نے گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 228 اور 186 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
تیس سالہ جو روٹ نے 2012 میں بھارت کے خلاف میچ سے ڈیبیو کیا تھا، وہ کپتان بننے کے بعد تین ڈبل سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ وہ واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے اپنے 100ویں ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری اسکور کی تھی۔
انگلش ٹیم نے بھارت کے خلاف چنئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 8 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنالیے، بھارتی بولرز انگلش بیٹسمینوں کے آگے بے بس دکھائی دئیے۔