پاکستان نے محمد رضوان کی شان دار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکے پہلا میچ میں 6وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا لیے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ہینری کلاسن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے جب بیٹنگ کا آغاز کیا تو کپتان بابراعظم پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے نوجوان بلے باز حیدر علی آئے اور جارحانہ موڈ اپناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا اور خوب صورت اسٹروکس کھیلتے ہوئے 21 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے شامل تھے۔
حسین طلعت اور رضوان نے ٹیم کی نصف سنچری ساتویں اوور میں مکمل کی۔
ٹیم کا اسکور جب 69 رنز تک پہنچا تھا تو حسین طلعت 15 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری مکمل کی۔
افتخار احمد زیادہ دیر تک رضوان کا ساتھ دینے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد خوشدل شاہ بیٹنگ کے لیے آئے ایک چھکے کی مدد سے 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 134 رنز تھا اور وہ آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے۔
فہیم اشرف بھی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر ایندائل فلکوایو کو وکٹ دے کر چلے گئے۔
محمد رضوان نے شان دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے اور ایک میچ میں 6 سے زیادہ چھکے لگانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔
ان سےقبل شہزاد احمد نے ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنائی تھی اور ان کے بعد آج محمد رضوان نے یہ اعزاز حاصل کیا۔