بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کا خواہش مند ہے۔
نریندر مودی کی جانب سے عمران خان کے نام لکھا گیا خط، جس پر 22 مارچ کی تاریخ درج ہے، اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن نے دفتر خارجہ کے ذریعے وزیر اعظم تک پہنچایا۔
اپنے خط میں نریندر مودی نے پاکستانی عوام کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔
بھارتی وزیر اعظم نے لکھا کہ ‘پڑوسی ملک کے طور پر بھارت، پاکستانی عوام سے خوشگوار تعلقات کا خواہش مند ہے جس کے لیے اعتماد پر مبنی، دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول ضروری ہے’۔
انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور وائرس کو انسانیت کے لیے مشکل وقت قرار دیا۔
واضح رہے کہ یہ پیشرفت وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اب بھارت کو پہلا قدم اٹھانا ہوگا۔
اسلام آباد میں منعقدہ پہلے دو روزہ سیکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم کوشش کر رہے ہیں لیکن بھارت کو پہلے قدم آگے بڑھانا ہوگا اور جب تک وہ ایسا نہیں کرتا ہم آگے نہیں بڑھ سکتے’۔