تازہ تر ین

سید علی گیلانی ہم شرمندہ ہیں

ڈاکٹر محمدممتاز مونس
اقوام عالم کی تاریخ میں صرف وہی یاد رکھتے جاتے ہیں جو اپنے مشاہیر اور محسنوں کو یاد رکھتے ہیں۔ کشمیر کا پاکستان سے کیا رشتہ ہے یہ ایک دلسوز کہانی ہے پاکستانیوں نے کشمیر کے لیے کیا ہے اور کشمیریوں نے پاکستان کے لیے کیا کیا یہ وہ دکھ بھری کہانی ہے جسے یاد کر کے آج ہم سید علی گیلانی کی روح سے شرمندہ ہیں۔76سالوں سے پاکستان کی جنگ لڑنے والے کشمیری آج ہم سے پوچھ رہے ہیں کہ ہم نے ان کے لیے کیا کیا اور انہوں نے ہمارے لیے کیا کیا نہیں کیا۔سید علی گیلانی نے لڑکپن سے ہی کشمیرکی آزادی کی جنگ میں ایک سپاہ سالار کی حیثیت سے جہاد کا آغاز کیا اور اپنی جان مالک کے سپرد کرتے تک جہاد جیسے عظیم مشن کا پرچم تھامے رکھا۔ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے کا وہ عظیم ترین نعرہ اس عظیم مجاہد کی زبان سے یوں گونجتا تھا کہ یہ بوڑھی آواز ہندو بنیئے کے ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیتی تھی۔سید علی گیلانی نے کشمیریوں کے لیے جو کیا اس کی مثال دینا مشکل ہے لیکن اتنا بڑا اور اتنا سچا پاکستانی کہ زندگی کا ایک ایک لمحہ پاکستان کی محبت میں گزار دیا اور کشمیری نوجوانوں نے حریت کی وہ عظیم داستان رقم کی کہ کشمیر کی آواز دنیا کے کونے کونے میں پہنچ گئی۔سید علی گیلانی کی آواز بھارتی ڈیڑھ ارب آبادی کی آواز سے زیادہ طاقتور توانا اور جراتمند تھی۔جرأت ہمت اور جہد مسلسل کا وہ عظیم پہاڑ جو رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کے ایمان کو حرارت پہنچاتی رہے گی جس نے ثابت کیا کہ اگر جذبے سچے ہوں عقائد میں پختگی ہو اوراپنے ملک و ملت کچھ کرنے کی آرزو ہو تو انسان سید علی گیلانی جیسا عظیم تر اور بے باک رہبر و رہنما بن کر ابھرتا ہے۔آج شاہ صاحب ہم میں نہیں لیکن ان کی عظمت ان کی صلاحیت اور ان کی جراتمندانہ قیادت کشمیری یا پاکستانی نہیں پوری دنیا کے مسلمانوں میں احترام کا جو مقام رکھتی ہے وہ شاید ہی کسی اور کو نصیب ہو۔
سید علی گیلانی ہم آپ سے اس لیے شرمندہ ہیں کہ آپ کی قیادت میں کشمیریوں نے جس انداز سے لڑی اور جس جرات و حمیت کا مظاہرہ کیا شاید ہم اس پر پورا نہیں اتر سکے۔ سات دہائیوں سے دنیا کی فاشسٹدہشت گرد اور مسلمانوں کی ازلی دشمن بھارتی حکومت نے جس درندگی کا مظاہرہ مقبوضہ کشمیر میں کیا اس کی مثال پوری دنیا میں کوئی اور نہیں مل سکتی را اور انڈین آرمی نے مقبوضہ کشمیر میں بے غیرتی‘بے حیائی اور لعنت کے ایسے ایسے واقعات برپا کیے گئے کے جس کو مجھ جیسا کمزور آدمی لکھنے سے بھی قاصر ہے جبکہ کئی دہائیوں سے مسلسل کرفیو گھر گھر تلاشی ماروائے عدالت قتل تشدد اور معذور کرنے والی المناک داستانیں جنہیں جب کوئی مورخ لکھے گا تو یہ لکھنے پر مجبور ہو گا کہ روئے زمین پر سب سے زیادہ مزاحمت جرات اور استقلال کشمیری عوام میں پایا جاتا ہے۔سید علی گیلانی کی قیادت میں غیرت اور جرات کی کشمیریوں نے جو داستان رقم کر دی یقیناوہ کسی اور کے حصے میں آنے والی نہیں لیکن ہم شرمندہ ہیں کہ ہم نے دہشت گرد بھارت کو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا منہ توڑ جواب نہیں دیا۔ہمارے قائد جناب محمد علی جناح نے کشمیر کوشہہ رگ قرار دیا لیکن ہم نے صرف اور صرف بیان بازی اور ہندو بنیئے کی مذمت پرزوردیا۔ ادھر کشمیر میں ہماری ماں بہنوں کی عصمت دری ہوتی رہی اور ہماری نوجوان سینے چھلنی کروا کر اپنے رب کے حضور پیش ہوتے رہے کشمیر میں لاکھوں بیویوں کے سہاگ اجڑ گئے۔ہزاروں ماؤں کے لال اس دنیا میں نہ رہے گھر کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے لیکن آپ کی جرات کو سلام ہے کہ کشمیریوں نے اپنے قائد جناب شہید سید علی گیلانی کا دیا ہوا وہ عظیم تر نعرہ کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے نہیں چھوڑا۔
پندرہ سال سے زائد عرصہ بھارتی درندوں کے ہاتھوں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اور گیارہ سال تک اپنے گھر میں نظر بند رہنے والے نظر بندبھی وہ کہ نماز عید جمعتہ المبارک اور اپنے پیاروں کی آخری رسومات میں جانے کی اجازت بھی نہیں تھی اس عظیم رہنما نے اپنے عظیم مقصد کو ہر صورت میں اور ہر حالات میں جاری رکھا یہاں تک کہ قابض بھرتی فوجوں کے ہاتھوں مسلسل محاصرے میں رہتے ہوئے جب خالق حقیقی کے پاس جا پہنچے تو ان کے جسد خاکی پر پاکستانی پرچم تھامرحوم کی رات دس بجے وفات ہوئی اور آدھے گھنٹے میں ہی بھارتی درندوں نے پورے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا۔ انٹرنیٹ سروس بند کر دی اور مرحوم کے گھر پہنچ کر جسد خاکی کو چھینادرندے اس بوڑھے اور ناتواں بزرگ کی میت سے ہی اتنے گھبرا رہے تھے کہ ان کے اہل خانہ پر خوف وہراس پیدا کر کے کلاشنکوف کے بٹ مار کر میت کو گھسیٹتے ہوئے ایمبولینس میں ڈال کر لے گئے اور ان کے گھر سے چند سو فٹ کے فاصلے پر قریبی مسجد میں دو چار مدرسے کے بچوں سے جنازہ پڑھوا کر سپرد خاک کر دیا۔ انا للہ واناالیہ راجعون۔
شاہ صاحب ہم آپ سے اس لیے بھی شرمندہ ہیں کہ ہماری سیاسی قیادت آپ کے لیے وہ کچھ نہ کر سکے جس کے آپ حقدار تھے یہ حقیقت ہے کہ ہمارے فوجی جوانوں نے آپ کے لیے جنگیں بھی لڑیں اور بڑی تعداد میں شہادت کی مالا بھی اپنے گلوں میں سجائی اور ہر محاذ پر آپ کا ساتھ بھی دیا لیکن کچھ ایسے دلخراش واقعات بھی ہیں جس سے ہم آپ سے شرمندہ ہیں۔ جب مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی مودی کے دہشت گرد پائلٹ گنوں سے ان کی بصارت چھین رہے تھے اور خون کی ہولی کھیلی جا رہی تھی عین اسی وقت ہمارے وزیر اعظم کے گھر میں دہشت گرد مودی اپنے را اور ایس ایس آر کے سربراہوں کے ہمراہ بغیر ویزوں کے ایک تقریب میں مسرور تھا۔آج سید علی گیلانی تمام کشمیریوں اور پاکستانیوں کو جو پیغام دے گئے ہیں وہ ہمارے لیے مشعل راہ اور صراط مستقیم ہے اور ان کا پیغام ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔
(کالم نگارسینئر صحافی ہیں)
٭……٭……٭


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain