وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ بھارتی گٹھ جوڑ پاکستان کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ پنجاب حکومت کو کالعدم جماعت اور بھارتی گٹھ جوڑ سے آگاہ کردیا ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے اپنی ایک رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں کہ ایک حساس ادارے کو کچھ مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا بھارتی گٹھ جوڑ ہے۔
خبرکے مطابق حکومت پنجاب نے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے منٹس جمع کرائے، جس میں لکھا گیا کہ ٹی ایل پی کے سیکریٹری خزانہ کے بھائی کے بینک اکاؤنٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔
لاہور کے ایک نجی بینک میں کھولے گئےاس اکاؤنٹ میں گزشتہ تین مہینوں میں غیر معمولی غیرملکی رقم کی ترسیل ہوئی۔
اس اکاؤنٹ میں غیر ملکی ترسیلات بھیجی جا رہی ہیں اور 5 جولائی 2021 کو ایک ٹرانزیکشن راجیش ہمت لال اور مکیش ہمت لال (دونوں ہندوستانی شہری) کی طرف سے آئی اوروہ خود اس وقت دبئی میں رہتے ہیں۔
پنجاب حکومت نے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ بینک اکاؤنٹ میں یہ ٹرانزیکشن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ بھارتی گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتی ہے۔