لاہور (خصوصی رپورٹ) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی صوبہ میں چائلڈ لیبر پالیسی وضع کر رہی ہے جس کے تحت 13سے 18سال کے بچے سکولوں میں رسمی تعلیم کے ساتھ کام بھی کر سکیں گے۔ پٹرول پمپس‘ ورکشاپس اور ہوٹلوں میں مشقت کرنے والے 30000سے زائد بچوں کو تعلیمی اخراجات کے علاوہ مفت فنی تربیت اور ملازمت کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ وظائف پر اکتفا کرنے کے بجائے اپنا روزگار کما سکیں۔ ایک سال میں 72ہزار سے زائد معذور افراد اور 33500سے زائد اینٹوں کے بھٹوں پر مشقت کرنے والے بچوں کو خدمت کارڈ کے ذریعے رسمی تعلیم کے حصول میں مشروط وظائف کی شفاف منتقلی سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔ پسا کے منتظم اعلیٰ ڈاکٹر سہیل انور نے بتایا کہ مختلف محکموں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے معذور بچوں کی تعلیم‘ فنی تربیت‘ ملازمت اور چھوٹے کاروبار میں شمولیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔