لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب کی 33رکنی کابینہ میں شامل کئے گئے 13 نئے وزرا میں9وزرا کو بلدیاتی اداروں کے سربراہی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے اراکین اسمبلی کے متحارب دھڑوں کے درمیان سیاسی رسہ کشی اور محاذ آرائی کو ختم کرنے کے لئے صوبائی کابینہ کا حصہ بنایا گیا۔ دو روزقبل کرنل (ر)محمد ایوب خان گادھی کو صوبائی وزیر بنانا اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ 8اضلاع لیہ، وہاڑی، مظفر گڑھ، میانوالی، اوکاڑہ، ملتان، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نئے وزرا بنا کر مسلم لیگ (ندکے متحارب سیاسی خاندانوں کے درمیان صلح کروا کر مسلم لیگ (ن)کے ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں کی کامیابی کی راہ ہموار کی گئی جبکہ تین اضلاع میں مسلم لیگ (ن)کے متحارب دھڑوںکے آپس میں آمنے سامنےرہنے سے ان اضلاع میں مسلم لیگ(ن)ٹکٹ ہولڈر چیئرمین ضلع کونسل کے امیدوار ہار گئے ان میں جہلم، پاکپتن، اٹک کے علاوہ بھکر اور بہاولنگر کے اضلاع شامل ہیں۔ ضلع اٹک میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے صوبائی وزیر کرنل (ر)شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کو بلدیاتی اداروں کے سربراہی انتخابات سے قبل صوبائی وزیر بنایا گیا مگر اس کے باوجودوفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں کے بھانجے احسن علی خان جو مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین ضلع کونسل اٹک کے امیدوار تھے مسلم لیگ (ق)کے سربراہ سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی بھانجی ایمان وسیم سے شکست کھا گئے۔ ضلع پاکپتن میں دوصوبائی وزرا میاں عطا محمد مانیکا اور ڈاکٹر فرخ جاوید کے محکمے تبدیل کرکے ان کو غیرفعال کرنے سے مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین ضلع کونسل پاکپتن کے امیدوار میاں محمد اسلم سکھیرا کے ہاتھوں بری طرح ناکام ہوگئے۔ ضلع جہلم میں مسلم لیگ(ن)کے متحارب سیاسی دھڑوں کے آپس میں آمنے سامنے آنے سے ایک طاقتور وفاقی وزیر کے سفارشی چیئرمین ضلع کونسل جہلم کے مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ اعجاز جنجوعہ آزاد امیدوار قاسم خاں کے مقابلے میں انتخاب ہار گئے۔ ضلع بہاولنگر اور ضلع میانوالی میں متحارب دھڑوں کے آپس میں ٹکڑاﺅ کے باعث مسلم لیگ (ن)کے انتخاب اوپن کرنے کے باوجود مسلم لیگ (ن)کے اراکین کے حمایت یافتہ امیدواروں کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ ضلع بہاولنگر میں اعجاز الحق اور سید اصغر علی شاہ کے امیدوار سید قلندر شاہ اور ضلع بھکر میں نوانی خاندان کے احمد نواز نوانی نے مسلم لیگ (ن)کے خنان خیل ڈھانڈالہ اور شاہانی خاندان کے امیدوار کو شکست دے کر چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن)کی اعلی قیادت نے 8اضلاع لیہ، وہاڑی، مظفر گڑھ، میانوالی، اوکاڑہ، ملتان، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نئے وزرا اعجاز اچلانہ، نعیم اختر بھابہ، احمد یار ہنجرا، امانت علی شادی خیل، سید علی رضا گیلانی، نغمہ مشتاق، شیخ علاﺅالدین اور کرنل (ر) محمد ایوب گادھی کو صوبائی وزیر بنا کر مسلم لیگ(ن)کے متحارب سیاسی خاندانوں کے درمیان صلح کروا کر مسلم لیگ (ن)کے ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں کی کامیابی کی راہ ہموار کر دی۔ ضلع لیہ میں مسلم لیگ(ن)کے سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھ کے بھائی ملک عمر علی اولکھ کیلئے ان کے متحارب اعجاز اچلانہ ایم پی اے کو صوبائی وزیر بنا کر تھنڈ اور سیہڑ خاندانوں کےپی ٹی آئی کے امیدوارفیروز علی سواگ کو ناکام بنا یا جنہیں مسلم لیگ (ن)کے سواگ اور شاہ خاندانوں کی درپردہ حمایت حاصل تھی۔ ضلع وہاڑی میں منہیس، دولتانہ اور بھابہ خاندانوں کے درمیان سیاسی رسہ کشی کے خاتمے کیلئے نعیم اختر بھابھہ کو وزیربنا کر غلام محی الدین چشتی کو ضلع کونسل کے انتخاب میں کامیاب کرانے میں کلیدی کردا ر ادا کیا۔ضلع مظفر گڑھ میں ہنجرا، بخاری اور قریشی خاندانوں کے درمیان اختلافات کو دور کرا کر ملک احمد یار ہنجرا کو صوبائی کابینہ میں شامل کرکے مسلم لیگ (ن)کے سردار عمر گوپانگ کو چیئرمین ضلع کونسل مظفر گڑھ بنانے کی راہ ہموار کی۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے آبائی ضلع میانوالی میں شادی خیل، نیازی اور روکھڑی خاندانوں کو سیاسی محاذ آرائی کو ختم کرانے کیلئے امانت علی شادی خیل کو صوبائی وزیر اور نیازی گروپ کے کرنل (ر)محمدنسیم خان کو آدھی مدت کیلئے ضلع کونسل کا چیئرمیں نامزدکرنے سےمسلم لیگ ن کےگل حمید خان روکھڑی نےپی ٹی آئی کے امیدوار کو شکست سے دوچاربڑا اپ سیٹ کیا۔ضلع اوکاڑہ میں گیلانی، راﺅاور ربیرہ خاندانوں کے درمیان مصالحت کرا کر مسلم لیگ (ن) کے قادر عباس ملک کو چیئرمین ضلع کونسل اوکاڑہ بنانے کی راہ ہموار کی۔ ضلع ملتان میں متحارب دیوان، بخاری، لانگ، سید اور نون خاندانوں کے درمیان ماضی کی سیاسی تلخیاں اور محاذ آرائی دور کرکے لانگ قبیلہ کی خاتون بیگم نغمہ مشتاق کو صوبائی وزیر بنا کردیوان عاشق بخاری کو چیئر مین ضلع کونسل ملتان بنایا گیا ضلع قصور میں بلدیاتی سربراہی انتخابات سے قبل شیخ علاﺅالدین کو صوبائی وزیر اورملک محمد احمد کو وزیر اعلی کا مشیر بنا کر مسلم لیگ (ن)کے رانا سکندر حیات کی کامیابی کو یکطرفہ بنا دیا گیا۔ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مسلم لیگ (ن)کے امیدوار سردار مسعود خان گادھی کو ضلع کا چیئرمین کونسل کے انتخاب سے قبل ان کے متحارب وڑائچ خاندان کی خاتون امیدوار بیگم فوزیہ وڑائچ کے درمیان امیدوار بیگم فوزیہ وڑائچ کے درمیان مصالحت کروا کر سردار مسعود خان گادھی کو دستبردار کرایااور بیگم فوزیہ خالد وڑائچ ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منتخب ہو گئیں۔ دستبروارچیئرمین ضلع کونسل سردار مسعود خان گادھی کے بھائی کرنل(ر)محمد ایوب خان گادھی کو صوبائی وزیر بنا کر گادھی خاندان اور انکے گرو پ کو اکاموڈیٹ کیا گیا۔
کابینہ کا حصہ