نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا شکار نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کی جڑ ہے، مقبوضہ وادی کو اکثریتی مسلم ریاست سے اکثریتی ہندوریاست میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ بھارت نےسلامتی کونسل کی لسٹ میں شامل دہشتگرد تنظیموں کو فنڈنگ فراہم کی، کراچی اسٹاک ایکسچینج اور داسو میں دہشت گردانہ حملے کرائے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1989سے لیکر اب تک 96 ہزار کشمیریوں کو شہید کیا، 11 لاکھ خواتین سے زیادتی، ایک لاکھ سے زائد مکان اور اسکول تباہ کئے گئے، مقبوضہ وادی کو اکثریتی مسلم ریاست سے اکثریتی ہندوریاست میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا 5 اگست 2019 سے 9 لاکھ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، بھارت کے اندر بھی مسلمانوں کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے، انتہا پسند ہندوتوا کی طرف سے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کی کھلی کال دی جا رہی ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں بربریت کا ڈوزئیر جمع کرایا۔ اُنہوں نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے خلاف مصدقہ ثبوتوں کا نوٹس لے۔