کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز کل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مختصر افتتاحی تقریب کے بعد ہو گا، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔ نیشنل سٹیڈیم میں تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئیں۔
پاکستان سپر لیگ سیون صرف ایک دن دور، جمعرات (کل) سے کراچی میں بڑا میلہ سجے گا جس کے لئے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں بڑی تیاریاں جاری ہیں۔ گراونڈ کا انتظام پاک فوج نے سنبھال لیا۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ افتتاحی تقریب کیلئے سٹیج کی تیاری کا کام بھی حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔ تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کرینگے۔
رات گئے شارٹ سرکٹ کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کے ساونڈ سسٹم میں آگ لگ گئی جس نے کمنٹری باکس کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے بعد دوسرے کمنٹری باکس کو تیار کیا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل میچز کیلئے سیکیورٹی پلان بھی مرتب۔۔ سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے مجموعی طورپر 5650 اہلکارسکیورٹی پر مامور ہونگے۔
