لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پریس کلب کے سامنے صحافی حسنین شاہ کے قتل کے معاملے پر زیر حراست ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم عامربٹ کی نشاندہی پر ایک اور ملزم گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزموں نےصحافی حسنین شاہ کے دفتر کے باہر 40منٹ انتظار کیا، اجرتی قاتلوں کو سہولت کاروں نےموٹرسائیکل اور اسلحہ فراہم کیا، سہولت کار سڑک کے دوسری طرف موجود رہے جبکہ اجرتی قاتل دفتر کے سامنے کھڑے رہے، حسنین شاہ کے دفتر سے باہر آنے پرسہولت کاروں نے اجرتی قاتلوں کو اشارے سے ٹارگٹ کا بتایا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث اصل ملزم پولیس کی گرفت سے باہر ہیں جبکہ فائرنگ کرنے والا شوٹر بھی تاحال گرفتار نہیں ہو سکا، سی آئی اے کی زیر حراست ملزموں سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری طرف تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی ہے، مرکزی ملزم عامربٹ کی نشاندہی پر ایک اور ملزم گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم فرحان شاہ کو سی آئی اے پولیس نے رحمان پورہ سے گرفتار کیا ہے، صحافی حسنین شاہ کو پیر کے روز پریس کلب کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔