ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی معروف جوڑی سنجے دت اور سنیل شیٹھی کو 12 سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر واپسی لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
پنک ویلا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت اور سنیل شیٹھی نے بالی وڈ کی کئی سپر ہٹ ہونے والی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ’کانٹے‘، ’رخت‘ اور ’نو پرابلم‘ جیسی فلمیں شامل ہیں۔
اداکاروں کو آخری بار 2010ء میں ریلیز ہونے والے فلم ’نو پرابلم‘ دیکھا گیا تھا۔
سنجے دت اور سنیل شیٹھی بہت جلد مشہور فلم ’یملا پگلا دیوانہ‘ کے ہدایت کار سمیر کارنک کی کامیڈی فلم میں نظر آئیں گے۔ ایشا گپتا، زید خان، سوربھ شکلا اور جاوید جعفری بھی فلم کا حصہ ہوں گے۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ سنجے دت اور سنیل شیٹھی فلم میں پنجابی کردار ادا کریں گے جبکہ دیگر فنکاروں کے کردار کو فی الحال خفیہ رکھا گیا ہے۔
سنجے دت اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ فلم کے لیے پری پروڈکشن کا کام شروع ہو چکا ہے، فلمساز 2022ء میں اس کی ریلیز کے خواہاں ہیں۔ فلم کی شوٹنگ پنجاب میں ہوگی۔
سنجے دت نے اس سال کے لیے ایک سے زیادہ فلمیں لائن اپ کر رکھی ہیں۔ اداکار فلم ’پریتھوی راج‘، ’شمشیرہ‘، ’کے جی ایف 2‘ میں نظر آئیں گے۔ ’پریتھوی راج‘ کو رواں ماہ ریلیز کیا جانا تھا تاہم کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث ریلیز ملتوی کی گئی۔