اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین نے اپنی معیشت کو ترقی دے کر لوگوں کو غربت سے نکالا، چین نے اپنی معیشت پر توجہ دی، ہماری توجہ بھی معیشت کی ترقی پر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی میڈیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ 70 سالہ پرانے دوستانہ تعلقات ہیں، چین کے دورے کا منتظر ہوں، دورہ چین ہمیشہ باعث مسرت رہا، پاک چین عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے، دونوں ممالک نے ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، چین نے کورونا سمیت ہر مشکل میں پاکستان کی مدد کی، قراقرم ہائی وے کی تعمیر میں کئی چینی انجینئرز نے جانوں کی قربانی دی، سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان بہترین منصوبہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا سے کھیل کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، خواہش ہے چینی کھلاڑیوں کو کرکٹ سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی معیشت کو ترقی دے کر لوگوں کو غربت سے نکالا، چین نے اپنی معیشت پر توجہ دی، ہماری توجہ بھی معیشت کی ترقی پر ہے، چین نے 35 سے 40 سال کے دوران 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا، میرا بھی بنیادی مقصد لوگوں کو غربت سے نکالنا ہے۔