اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر زرداری ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جلد ہی ملاقات کریں گے۔ یہ فیصلہ دونوں رہنماﺅں میں ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ہوا جو گزشتہ ماہ نوازشریف کی سالگرہ کے موقع پر ہوئی تھی۔ زرداری ہاﺅس کے ذرائع نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماﺅں نے سیاسی حالات کا جائزہ لیا تھا اور ملک میں جمہوری نظام کے استحکام کیلئے مزید تبادلہ خیال کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ وزیراعظم نوازشریف نے زرداری کو دعوت دی کہ وہ جب بھی اسلام آباد آئیں ان سے ملاقات کریں۔ موجودہ صورتحال میں جبکہ حکومت پر پانامہ گیٹ سکینڈل کے سلسلے میں اپوزیشن خصوصاً تحریک انصاف کی طرف سے خاصا دباﺅ ہے‘ دونوں رہنماﺅں میں ٹیلیفونک گفتگو کافی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ زرداری کی طرف سے حکومت مخالف تحریک کے آغاز کے اعلان میں تاخیر سے ثابت ہو رہا ہے کہ پی پی اپنا احتجاج پارلیمنٹ تک محدود رکھے گی اور حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دے گی۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی پی پانامہ کیس میں حکومت کے خلاف کھل کر سامنے آنے کی متحمل ہی نہیں ہو سکتی کیونکہ مسلم لیگ (ن) کے پاس ایسے ٹھوس ثبوت موجود ہیں جن کی بنیاد پر پی پی کے خلاف کیسز ری اوپن ہو سکتے ہیں۔