تازہ تر ین

پسینے کے ذریعے اعصابی تناؤ معلوم کرنے والی ذہین گھڑی

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکی سائنس دانوں نے ایک ایسی ذہین گھڑی ایجاد کرلی ہے جو پسینے میں شامل ’کورٹیسول‘ کی پیمائش کرتے ہوئے اعصابی تناؤ معلوم کرتی ہے۔
یہ گھڑی خاص طور پر ایسے افراد کےلیے بنائی گئی جنہیں ڈپریشن (اضمحلال) اور اینگژائٹی (تشویش) جیسے نفسیاتی مسائل کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
’کورٹیسول‘ کہلانے والے ایک ہارمون کو انسانی جسم میں تناؤ کا پیمانہ بھی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اعصابی تناؤ بڑھنے کے ساتھ ساتھ خون اور پسینے میں اس ہارمون کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں، زیادہ اعصابی تناؤ کا نتیجہ ڈپریشن، اینگژائٹی اور اسی نوعیت کے دوسرے نفسیاتی مسائل کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوتے ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہوا کہ اگر جسم میں کورٹیسول کی مقدار پر مسلسل نظر رکھی جائے تو اعصابی تناؤ کے ساتھ ساتھ ڈپریشن اور اینگژائٹی کے خطرات سے بھی باخبر رہا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، لاس اینجلس (یو سی ایل اے) کے ماہرین کی ٹیم نے پروفیسر اینی اینڈریوز اور ایسوسی ایٹ پروفیسر سیم امامی نژاد کی قیادت میں یہ ذہین گھڑی (اسمارٹ واچ) تیار کی ہے۔
اس گھڑی کا پچھلا حصہ بہت معمولی مقدار میں بھی پسینہ جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پسینہ جذب ہوتے ہی ایک خردبینی نظام (مائیکرو فلوئیڈک اسٹرکچر) میں پہنچایا جاتا ہے جہاں ڈی این اے کے مخصوص ٹکڑوں کی مدد سے پسینے میں کورٹیسول کی مقدار معلوم کی جاتی ہے۔
اس ذہین گھڑی کو جیسے ہی جسم میں معمول سے زیادہ کورٹیسول کا پتا چلتا ہے، یہ فوراً اپنے پہننے والے کو خبردار کردیتی ہے تاکہ وہ اعصابی تناؤ پر قابو پانے کےلیے ضروری اقدامات کرلے۔
چونکہ ہر انسان کےلیے ’نارمل کورٹیسول‘ دوسروں سے مختلف ہوتا ہے لہذا پہلے اس گھڑی کی سیٹنگ اسے پہننے والے کے حساب سے کی جاتی ہے۔
فی الحال اس ذہین گھڑی کا پروٹوٹائپ تیار ہوچکا ہے جسے ابتدائی طور پر آزمایا بھی جاچکا ہے۔
البتہ اس کے تجارتی پیمانے تک پہنچنے اور فروخت کےلیے دستیاب ہونے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain