لاہور: (ویب ڈیسک) حسان خاور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی میل ملاقاتیں صرف میڈیا کی شہ سرخی بننے کیلئے ہیں، اپوزیشن کی کشتی بیچ مندھار بھنور میں پھنس چکی ہے، اپنی ساکھ بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔
ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی میں آج بھی ایک دوسرے پر اعتماد کا فقدان ہے، کرپٹ مافیا بغض کپتان میں اکٹھا ہوگیا، سب کرپٹ مافیا کے سامنے اکیلا کپتان ڈٹ کر کھڑا ہے، عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑ کر اپوزیشن نے اپنے لیے گڑھا کھود دیا ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کپتان کے سپاہی جم کر پچ پر کھیل رہے ہیں، پارٹی اور اتحادی ڈٹ کر عثمان بزدار کیساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن کے پنجاب میں عدم اعتماد کے خواب چکنا چور ہوجائیں گے، وفاق اور پنجاب میں اپوزیشن کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اپوزیشن کو ایسی شکست فاش دیں گے کہ ہاتھ ملتی رہ جائے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ قوم نے سٹیٹس کو اور اقربا پروری کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے، قوم نے بلاول، حمزہ اور مریم کی سیاست کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، اقربا پروری کی سیاست اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے ہیں۔