تازہ تر ین

ترین گروپ اورعلیم خان گروپ کی راہیں جدا ہونے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ اور علیم خان گروپ کے درمیان اختلافات بڑھنے لگے۔
جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ کے مابین اختلافات بڑھنے لگے ہیں اور ان دونوں گروپس کی راہیں جدا ہونے کا امکان ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ میں شامل چند سخت گیر ارکان کے دباؤ کی وجہ سے جہانگیرترین علیم خان سے ملاقات کرنے سے گریزاں ہیں، اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ترین گروپ میں شمولیت کے بعد سے اب تک جہانگیر ترین اورعلیم خان کا کوئی براہ راست رابطہ نہیں ہوا، جس کی وجہ یہ ہے کہ ترین گروپ کے سخت گیر ارکان علیم خان کی گروپ میں شمولیت کو ”گروپ ہائی جیک“ تصور کرتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ علیم خان گروپ تحریک انصاف میں رہتے ہوئے پنجاب میں تبدیلی کا خواہشمند ہے، جب کہ ترین گروپ کی ترجیح وفاق میں تبدیلی تاہم بیانات کی حد تک وزیر اعلی پنجاب کی تبدیلی کا مطالبہ ہے، ایک طرف علیم خان گروپ کے پاس 15 سے زائد اراکین پنجاب اسمبلی کی بھرپور حمایت موجود ہے، اور گروپ میں کوئی ایم این اے شامل نہیں۔ جب کہ دوسری طرف ترین گروپ میں شامل متعدد اراکین قومی اسمبلی کے مسلم لیگ (ن) سے معاملات طے پانے کے قریب ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات علیم خان گروپ کی اہم شخصیت نے ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا تھا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں گروپس کے سرکردہ رہنما اختلافات کے خاتمے کے لئے متحرک ہیں اور آئندہ 24 گھنٹے دونوں گروپس کیلئے اہم ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain