لاہور: (ویب ڈیسک) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کرا دی، اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کروڑوں افراد کو ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا گیا، ہر روز پٹرول اور بجلی مہنگی ہو رہی ہے، لوگ اس بدترین حکومت سے نجات کیلئے دعائیں کر رہے ہیں، ان حالات میں ریاست مدینہ کی بات کرنا زیب نہیں دیتا، آٹا، دال، چینی اور ادویات سمیت تمام اشیا کی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، سلیکٹڈ میں عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں، یہ شخص ہر جگہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب ٹرمپ نے ان کو فون کیا تو کہا میں دوسرا ورلڈکپ جیت کر آیا ہوں، انہوں نے کہا تھا مر جاؤں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، انہوں نے بلند و بانگ دعوے کیے تھے، ان کا دوغلا اور کھوکھلا پن ظاہر ہوچکا، آپ غیر قانونی طریقے سے آئے، ہم آئینی طریقے سے بھیجنا چاہتے ہیں، میں نے اور میرے خاندان نے جیلیں کاٹی ہیں، عمران نیازی ! بھگوڑے آپ ہوگے، ہم نے یہیں رہنا ہے، عمران نیازی دھمکیاں دینا بند کریں۔
صدر مسلم لیگ نون نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں فضل الرحمان کے ساتھیوں اور کارکنوں پر تشدد کیا گیا، جب آئین اپنا راستہ اپنائے گا تو ان کی زبانوں کو تالے لگ جائیں گے، مشاورت کے بعد جو فیصلہ ہوگا وہ مانیں گے، نواز شریف کو غیر جمہوری طریقے سے اقتدار سے باہر کیا گیا، آپ غیر قانونی طریقے سے آئے، ہم آئینی طریقے سے بھیجنا چاہتے ہیں۔