لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حسن نثار نے کہا ہے کہ میرا رمضان باقی سب مسلمانوں جیسا گزر رہا ہے۔ چینل فائیو کا شکریہ اداکرتا ہوں کیونکہ
یہ بانی خبریں گروپ ضیا شاہد کا مجھ پر قرض ہے ۔ ضیا شاہد اور انکی فیملی کیساتھ برسوں پر محیط تعلق ہے۔ رمضان سے گھر سے باہر نہیں نکلتا، افطار پارٹی سمیت کسی پارٹی میں نہیں جاتا، اپنی لائبریری سے گھر بھی نہیں جاتا۔ ضیا شاہد جیسا پرعزم اور محنتی آدمی اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، وہ سیلف میڈ آدمی تھے جنہوں نے پوری زندگی جان توڑ محنت پوری ذہانت کیساتھ کی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کیساتھ وہ خوبصورت صحافی اور لکھاری تھے۔کمزوریوں کیساتھ ضیا شاہد میں انتظامی صلاحیتیں بھی بے شمار تھیں۔ وہ خصوصیات کا کاک ٹیل تھے۔ضیا شاہد کیساتھ بہت سی یادیں وابستہ ہیں ، یاسمین بھابھی بڑی بہن کی طرح ہیں، عدنان مجھے بہت پیارا تھا۔ امتنان شاہد سے تعلق نسبتاً کم رہا ، ضیا شاہد کی رحلت صحافت کا نقصان ہے، انکے خاندان کا اور میرا ذاتی نقصان ہے۔ ضیا شاہد بہت زیادہ محب وطن تھے سرتا پا پاکستانی تھے اور صحافت انکا پہلا اور آخری عشق تھا۔ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونا نوشتہ دیوار تھامگر پی ڈی ایم کی ہنڈیا جو حکومت بنی ہے وہ بیچ چوراہے پھوٹے گی، ایک نیام میںبے شمار تلواریں کیسے سما سکتی ہیں، اب تماشا ہوگا۔ ملک کو معاشی پستگی میں پہنچانے والے یہی لوگ ہیں۔ عمران خان جاچکا ، شہبازشریف آچکے، 6ماہ میں عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔ عمران خان کا دھمکی آمیز خط کا بیان درست ہوا تو موجودہ حکومت کو ریسکیو کرنے کی کوشش کی جائے گی لیکن اسکے باوجود شہباز شریف ملک کی معیشت نہیں سنبھال سکیں گے۔ کوڈو کو چاہئے جارے کیساتھ ٹکرانے سے پہلے ورزش کرے اور جان پیدا کرے۔پاکستان اونٹ کے مانند ملک ہے جسکی کوئی کروٹ سیدھی نہیں ہے۔ پاکستانی قوم کی کردار کی پرورش کرنا ہوگی ، ورنہ یہ ملک کھڑا نہیں ہوسکتا۔
