اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت اور امریکا کے مشترکہ اعلامیہ میں غیر ضروری حوالہ مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت اور امریکہ کے مشترکہ اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا، بھارت نے وزارتی مذاکرات کے بعد 11 اپریل کو غیر ضروری بیان دیا، بیان میں کچھ غیر موجود، ختم شدہ تنظیموں کا بلاجواز حوالہ دیا گیا، ایسے حوالے دونوں ممالک کے انسداد دہشتگردی بارے غلط اندازوں کا ممبع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے دوطرفہ تعاون میکانزم کے ذریعے تیسرے ملک کو سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، بیان رائے عامہ کو دہشتگردی کے حقیقی ابھرتے خطرات سے دور رکھنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، پاکستان کے خلاف کیے دعوے بدنیتی پر مبنی، مصدقہ حقائق سے عاری ہے، پاکستان دو دہائیوں سے انسداد دہشتگردی کی عالمی جنگ میں فعال، قابل اعتماد کردار کا حامل رہا، پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی جنگ میں کامیابیاں، قربانیاں لازوال ہیں، پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کاوشوں کا امریکہ سمیت دنیا نے اعتراف کیا، خطے کے کسی ملک نے امن کے لیے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ بھارت درحقیقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشتگردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈال رہا ہے، عالمی برادری، ہندوستان کے دہشتگردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال سے روکے، یہ ریکارڈ پر ہے کہ بھارت دیگر ممالک کی سرزمین سے دہشتگرد نیٹ ورک چلاتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سنگین صورتحال کا ادراک نہ کرنا عالمی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے، شراکت دارممالک جنوبی ایشیاء میں امن و سلامتی پر معروضی نقطہ نظر اختیار کریں، ممالک یکطرفہ، سیاسی مقاصد، زمینی حقائق کے برعکس حمایت سے گریز کریں، پاکستان نے اپنے تحفظات سے سفارتی ذرائع سے امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے۔