اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ، اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفے منظور کرنے سے انکارکر دیا۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹریٹ کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ انفرادی تصدیق کے بغیر کسی بھی رکن کا استعفی الیکشن کمیشن کو بھجوانہیں سکتے، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری 22 اپریل تک تمام استعفے منظور کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب قاسم سوری کی جانب سے یہ موقف سامنے آیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کر کے ہی جاؤں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر اپنی نشستوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا حتی کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت سے بھی معذرت کر لی تھی۔ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ شہباز شریف کی حکومت بیرونی سازش کے تحت قائم کی گئی ہے۔