سابق وزیراعظم عمران خان نے ’’خوددار جوان خوددار پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ خوددار پاکستان کی جنگ خوددار نوجوانوں کی مدد سے لڑیں گے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے فوکل پرسن برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ’’خوددار جوان خوددار پاکستان‘‘ مہم شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔
عمران خان نے عثمان ڈار کو نوجوانوں کے لیے مہم لانچ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خوددار پاکستان کی جنگ خوددار نوجوانوں کی مدد سے لڑیں گے، نوجوان میری تحریک کا کلیدی حصہ ہوں گے، نوجوانوں باشعور ہیں اور اچھے برے میں فرق سمجھ چکے ہیں۔
عثمان ڈار نے کہا کہ مہم کے تحت ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے کنونشنز کا انعقاد ہو گا، عمران خان نوجوانوں کو پارٹی کی فیصلہ سازی میں شامل کریں گے۔