ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) سویڈن میں قرآن پاک کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے پر امارات میں سویڈن کی سفیر کو طلب کیا گیا اور سخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔
عرب میڈیا کے مطابق اماراتی وزیر برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی نے امارات میں سویڈن کی سفیر لیزلیٹ اینڈرسن کو طلب کیا اور سویڈن میں انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن پاک کو نذر آتش کیے جانے کی شدید مذمت کی۔
ریم بنت ابراہیم نے تمام مذاہب کو ٹھیس پہنچانے والی سرگرمیوں کو مسترد کیا اور مذہبی علامات کا احترام کرنے اور مذہب مخالف اشتعال انگیزی سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کو رواداری اور بقائے باہمی کے اقدار کو پھیلانے اور نفرت اور انتہا پسندی کیخلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے اس طرح کے طرز عمل مزید تناؤ اور تصادم کا باعث بنتے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج اور ہنگامے بھی پھوٹ پڑے تھے۔