اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما نے پریانتھا کیس کے فیصلےکو انصاف کی فتح قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے سری لنکن ہائی کمیشن میں ہائی کمشنر موہن وجے وکرما سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنرکا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت نے انصاف مہیا کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہوا۔
بعد ازاں میڈیا سےگفتگو میں سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ آپ کے ساتھ انصاف ہوگا، علماء اور سیاست دان کئی بار ہمارے پاس آئے، انھوں نےکہا کہ ایک واقعےکو لےکرآپ پاکستان سے دل برانہ کریں ، 71 سال کی دوستی پر یہ واقعہ اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔
حافظ طاہر اشرفی نےکہا کہ عدالتی فیصلے نے پوری قوم کو سرخرو کیا، سری لنکن شہری کے قتل س متعلق جو فیصلہ آیا،پوری قوم اس پر متحد تھی، وحشت و دہشت کو کسی صورت پروان نہیں چڑھایا جاسکتا، جو وعدہ پاکستان کی قوم اور حکومت نے کیا اس کو پورا کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کا فیصلہ سنادیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھاکمارا کے قتل کیس میں 6 مجرموں کو 2 بار سزائے موت سنائی ہے، عدالت نے کیس میں 9 مجرموں کو عمرقید کی سزا اور 72 مجرمان کو 2 ،2 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے ایک مجرم علی اصغر کو 5 سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ کیس میں ایک ملزم بلال کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا۔