تازہ تر ین

30 روزے پورے، کل عید الفطر، مختلف سیاستدان اپنے آبائی علاقوں میں چلے گئے

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) 30 روزے پورے ہوگئے، کل ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی، اسلام آباد میں فیصل مسجد، لاہور میں بادشاہی مسجد، کراچی میں میمن مسجد میں بڑے اجتماعات کی تیاریاں ، سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے جبکہ مختلف سیاستدان عید الفطر منانے کے لئے آبائی علاقوں میں چلے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب لاہور میں عید منائیں گے، صدر مملکت کراچی، عمران خان اسلام آباد، آصف زرداری نوابشاہ، چودھری برادران گجرات میں نماز ادا کریں گے۔
میاں نواز شریف اور اسحاق ڈار لندن میں عید منائیں گے، گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، مریم نواز احسن اقبال، چو دھری سرور، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، علیم خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق لاہور میں عید منائیں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ راولپنڈی، یوسف رضا گیلانی، شاہ محمود قریشی ملتان، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی، رانا ثنا ء اللہ فیصل آباد میں عید منائیں گے۔
سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور یورپی ممالک میں عید الفطر منائی گئی، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز عید کے رُوح پرور مناظر دیکھنے کو ملے، امت مسلمہ کی خوشحالی و کامیابی کیلئے دعائیں، بھارت، بنگلا دیش اور سری لنکا میں منگل کو عید ہوگی۔
ادھر عید شاپنگ کا فائنل مرحلہ شروع ہوچکا ہے، مارکیٹوں میں گہما گہمی، چاند رات پر بازاروں میں رش کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، کپڑوں کے بعد میچنگ جوتوں اور جیولری کی تلاش، بچہ پارٹی بھی خریداری کے لیے پرجوش دکھائی دی۔
عید پر سجنا سنورنا خواتین پر ختم، بیوٹی پارلرز میں جگہ باقی نہ رہی، ہیئر ڈائی، پیڈی کیور، مینی کیور، فیشل اور اسکن پالش پر زور رہا۔
لڑکوں کے بھی عید پر منفرد نظر آنے کے جتن، سیلونز کا رخ کر لیا، بالوں کا من پسند اسٹائل بنوانے میں مصروف رہے، فیشل اور مساج کے ذریعے اچھا دکھنے کی کوششیں بھی کیں۔
مہندی کے بغیر عید کا مزہ کہاں، حنا لگے ہاتھوں کی سج دھج ہی نرالی، بچیاں بھی نت نئے ڈیزائن لگوانے میں پیش پیش رہیں۔
چوڑیوں کے بغیر سولہ سنگھار بھی ادھورا ہوتا ہے، کلائیوں میں کانچ کی دھنک ہر رنگ پر بھاری ہوتی ہے، اسٹالوں پر خواتین کا رش رہا اور بھاؤ تاؤ میں مصروف رہیں۔
کوئٹہ کے شہریوں کو روایتی ٹوپی کی تلاش رہی، جاذب نظر واسکٹ بھی عید ڈریس کا حصہ رہی، کسی کو کالر والی، کسی کو بغیر کالر کے گول گلے والی پسند آئی۔
میٹھی عید اور میٹھے پکوان لازم و ملزوم ہوتے ہیں، بڑے تہوار کی بڑی خوشیاں منانے کیلئے پھیونیوں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے، خریداری کیلئے دکانوں پر رش بھی رہا۔
عید ٹرینوں میں بھی ہاؤس فل رہا، کراچی سے پنجاب جانے والی گاڑیوں میں سیٹ ملنا مشکل رہی، اپنوں کے ساتھ تہوار منانے کے لیے مسافر جتن کرتے رہے۔
عید کا مزہ اپنوں کے سنگ، ٹرانسپورٹرز پردیسیوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے رہے، بسوں کے منہ مانگے کرائے، انتظامیہ کی خاموشی سے شہری لٹنے پر مجبور رہے۔
گرم روزوں کے بعد ٹھنڈی عید کی نوید سنادی گئی، بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی پیش گوئی کی گئی، مغربی سسٹم کے اثرات کے باعث کراچی میں گرد آلود ہواؤں کا راج رہا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain