ہری پور: خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مزاحیہ اداکار کو مبینہ طور پر چچا زاد بھائی نے قتل کردیا۔
خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور کے رہائشی اور ہزارہ کے مشہور کامیڈین، طنز و مزاح کے بے تاج بادشاہ مانے جانے والے اداکار عرفان حیدر کا گھریلو جھگڑے کے دوران انتقال ہوا۔
اہل خانہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ حیدرعرفان کی موت جھگڑے کے دوران چچا زاد بھائی کی وجہ سے ہوئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے آر ایچ سی کوٹ نجیب اللہ اسپتال منتقل کیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی۔
میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ عرفان حیدر کا انتقال ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا۔ پولیس نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ اہل خانہ کی جانب سے چچا زاد بھائی پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم ابھی قانونی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا، میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد اہل خانہ کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے اور پھر کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول اور اُس کے چچا زاد بھائی کے درمیان کئی عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔