گزشتہ ماہ عہدہ سنبھالنے والے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت اتحادی حکومت کے قیام کے بعد قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس کل (پیر) کو منعقد ہوگا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے 123 قانون سازوں کی جانب سے استعفوں کے بعداسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو ایوان کو فعال کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سےکیے جانے والے سرکاری اعلان کے مطابق صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 54 (1) کے تحت ایوانِ زیریں کا اجلاس پیر شام 4 بجے بلانے کا سمن جاری کیا ہے، سیکریٹریٹ کی جانب سے اتوار کو اجلاس کا ایجنڈا جاری کیا جائے گا۔
ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ اسپیکر کی جانب سے مرحلے کا آغاز پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے وہ اجلاس کے دوران مستعفیٰ اراکین کو انفرادی طور پر یا گروپ کی صورت میں اپنے چیمبر میں بلائیں گے۔