لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے استفسار کیا ہے کہ گورنر کون ہوتا ہے اجلاس بلانے والا؟ ایوان اقبال میں ہونے والا اجلاس غیر آئینی و غیر قانونی ہے۔
ق لیگ کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکومت کو گزشتہ روز بجٹ پیش کرنے کی پیشکش کی تھی، اگر ایک اجلاس چل رہا ہے تو دوسرا نہیں بلایا جا سکتا ہے۔
چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے بجٹ اجلاس سیکریٹری قانون کے تحت کیا ہے، گورنرپنجاب کے اقدامات غیرآئینی ہیں، اسپیکر کی موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسمبلی ایک ادارہ ہے، گورنر نے اس کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے، ایوان اقبال میں ہونے والا اجلاس غیرآئینی و غیرقانونی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے ہاؤس کا تقدس پامال کیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ گورنر کون ہوتا ہے اجلاس بلانے والا ؟
واضح رہے کہ گورنر پنجاب کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں صوبے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے جس کی صدارت ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے کی ہے۔ اجلاس ایوان اقبال میں منعقد ہوا ہے جہاں صوبائی وزیر خزانہ اویس لغاری نے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا ہے۔
