لاہور(ویب ڈیسک) صوبائی وزیرقانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حافظ سعید کو کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔ انہوںنے یہ بات پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی اورعسکریت پسندی کوختم کرنے کے لئے مرحلہ وار جاری ہے جس پر پوری قوم کا اتفاق رائے بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندی نے گزشہ30سے 35سال سے جڑ پکڑ رکھی ہے۔ ان کے خلاف اقدامات کوبھی وقت لگے گا جس سے گن مین اور قبضہ مافیا کا کلچر ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی اداروں کا مرحلہ وار پروگرام پر اتفاق رائے شروع سے تھا اور ہے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امریکی صدر اپنے ملک میں جو بھی کام کررہے ہیں یہ ان کا حق ہے تاہم ضرب عضب آپریشن نے دہشت گردوں کی کم توڑ کر رکھی دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ حکومت نے پٹرول کی کمی کا فائدہ عوام کو دیا ہے مگر اب بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث حکومت کو پٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ کرنا پڑا ہے جسے عوام کو برداشت کرنا چاہیے۔