پیرس: (ویب ڈیسک) یورپی اسپیس ایجنسی نے یوکرین میں جاری جنگ کے پیشِ نظر روس کے ساتھ ایگزو مارس مشن میں تعاون باقاعدہ طور پر ختم کردیا۔
مریخ کے لیے یہ روبوٹک مشن ستمبر میں روس کے کوسموڈروم سے بھیجا جانا تھا لیکن یورپی خلائی ایجنسی سے مارچ کے شروع میں روس کے یوکرین پر حملے کے نتیجے میں لانچ کو معطل کردیا تھا۔
منگل کے روز خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل جوزف ایسکباکر نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ایگزو مارس مشن میں تعاون میں معطلی مستقل ہوگی۔
اس مشن میں روس کا کردار یورپی ایجنسی کے بنائے روزالِنڈ فرینکلِن مارس روور کو اپنے کیزاچوک پلیٹ فارم کے ساتھ لانچ کرنا تھا۔
ٹوئٹر پر ایسکباکر کے اعلان کے بعد یورپی ایجنسی روور کی لانچنگ کے لیے دیگر شرکاء کی تلاش کرے گی۔ ایجنسی کے میڈیا ریلیز نوٹس کے مطابق 20 جولائی کو ایسکباکر اور ناسا اور برطانوی خلائی ایجنسی کے نمائندگان اس منصوبے کے مستقبل کے متعلق پریس بریفنگ دیں گے۔
روسی اسپیس ایجنسی روسکوسموس کے سربراہ ڈِمیٹری روگوزِن نے یورپی ایجنسی کی جانب سے تعاون کے خاتمے کا جواب ایسکباکر پر منصوبے کو سبوتاژ کرنے کا الزام لگا کر دیا۔
روگوزِن نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود روسی خلاء بازوں کو اسٹیشن میں نصب یورپی خلائی ایجنسی کے بنائے روبوٹِک بازو کا استعمال روکنے کا حکم دیا ہے۔