اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کی ہدایت پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 10کروڑ پودے لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا، چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔
عوام کے نام خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ موسم برسات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 10 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، جشن آزادی کے موقع پر 14 لاکھ پودے لگائے گئے، رواں سال پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے بڑے منفی اثرات پڑے ہیں، مارچ اور اپریل کے مہینوں کے دوران پاکستان میں دنیا کے مقابلے سب سے زیادہ گرمی پڑی۔
انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے پاکستان کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بڑھے، اس سال پاکستان میں بارشیں وقت سے پہلے آگئیں اور سیلابوں کا موجب بنیں، موسمیاتی تبدیلی کی بدولت شمالی علاقہ جات میں 3 جگہ گلیشئرز ٹوٹ چکے تھے، گلیشئرز ٹوٹنے کی وجہ سے سیلاب آئے اور علاقوں میں شدید تباہی رونما ہوئی۔