اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کے تحائف چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس میں تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22اگست تک ملتوی کر دی۔
توشہ خانہ تحائف چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کے ریفرنس کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، محسن شاہنواز رانجھا سمیت پانچ حکومتی ایم این ایز نے آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس دائر کیا تھا۔ حکومتی اتحاد کی جانب سے وکیل خالد اسحاق پیش ہوئے،تحریک انصاف کی جانب سے علی ظفر کے معاون وکیل پیش ہوئے، بیرسٹر علی ظفر مصروفیت کے باعث نہیں آ سکے۔
بیرسٹر علی ظفر کے معاون وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان اب رکن اسمبلی نہیں رہے، سماعت ملتوی کردی جائے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نظر میں عمران خان تاحال ایم این اے ہیں۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے کمیشن کو استعفیٰ منظور کر کے نہیں بھجوایا۔ آپ اپنی مرضی کی تشریح نہ کریں۔ جب تک اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کر کے نہ بھیجے جائیں رکن ڈی نوٹی فائی نہیں ہو سکتا۔
وکلائے طرفین کی جانب سے دلائل دیئے جانے کے بعد کمیشن نے تحریک انصاف کے وکیل کو دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔