اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی بلوں کے ذریعے دکانداروں سے فکسڈ ٹیکس کی وصولی معطل کرتے ہوئے ٹیکس وصولی کی شرح مقررہ حد سے زائد کرنے کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کے نرخ اور بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کلیکشن کے معاملے پر اجلاس ہوا۔ وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وفاقی سیکرٹریز توانائی اور خزانہ اور پٹرولیم کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے بلوں کے ذریعے فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی کو فوری معطل کرکے ٹیکس وصولی کے لیے نئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے بجلی کے بلوں کے ذریعے دکان داروں پر فکسڈ سیلز ٹیکس کو متفقہ شرح سے زیادہ لاگو کرنے پر تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی کہ دکان داروں سے ٹیکس وصولی پر کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے تاجروں کے نمائندگان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔
مزید برآں وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور حکام کو فوری طور پر غریب طبقے کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی کا موثر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ حکومت غریب طبقے کے مالی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کے لیے کوشاں ہے۔