اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت خارجہ کی مخالفت پر پاکستان نے بھارت میں ٹریڈ منسٹر تعینات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت میں ٹریڈ منسٹر کی تعیناتی کے فیصلے پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے بھارت میں ٹریڈ منسٹر بھجوانے کی مخالفت کردی ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تجارت معطلی کے باعث ٹریڈ منسٹر بھجوانا دانش مندی نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت میں ٹریڈ منسٹر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔
قمر زمان کو نئی دہلی میں ٹریڈ منسٹر تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔ وزارت تجارت نے گذشتہ دور حکومت میں ٹریڈ آفسران کی تعیناتی کی سمری بھجوائی تھی۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے ساتھ تجارت معطلی کے باوجود ٹریڈ منسٹر تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔ پاکستان نے اگست 2019 میں بھارت کے ساتھ تجارت معطل کردی تھی۔