اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابقہ فیصلے انصاف کے ترازو کا منہ چڑھا رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو 7 دن مہلت ملی تو دانیال عزیز، طلال چودھری اور نہال ہاشمی کو بھی ملنی چاہئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر آج کا فیصلہ درست ہے تو ان فیصلوں کو بھی درست کیا جائے، اگر وہ درست تھے تو اس فیصلے میں بھی انصاف ہوتا نظرآنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے مقبول ترین تین بار کے منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تا حیات نا اہل کیا گیا، تین بار کے منتخب وزیراعظم کو بیٹی کے ساتھ جیل بھجوا دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے استفسار کیا کہ اگر مقبولیت ہی انصاف کا پیمانہ ہے تو وزیراعظم نواز شریف کے معاملے میں یہ پیمانہ کہاں تھا؟