اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ان کی رہائش گاہ پر وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر توصیف عباسی بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے سردار تنویر الیاس کو آزاد کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کے کامیاب انعقاد اور تحریک انصاف کی جیت پر مبارکباد دی۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے وائس چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا ۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ حکومتِ آزاد جموں و کشمیر عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ، بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کرنے والے، مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو درپیش مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں امریکی سفیر اور یورپی پارلیمنٹ ممبران کا دورہ آزاد کشمیر انتہائی اہم رہا ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کے حالیہ دورے سے مسئلہ کشمیر کو تقویت ملی ہے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہم کشمیریوں کی اس جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔
