تازہ تر ین

سکیورٹی بارے غیر ملکی کھلاڑیوں کا بیان سامنے آگیا۔۔۔

لاہور(کرائم رپورٹر)پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کی طرف سے قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کے موقع پر میوزیکل شو اور تقسیم انعامات کی تقریبات سمیت میچ کے انعقاد کےلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں سرچ اینڈ سویپنگ کا عمل اسٹیڈیم کے گیٹ کھلنے تک جاری رہے گا ۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے وقفے وقفے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم کے دروازے تین بجے کھول دئیے جائیں ۔ میوزیکل تقریب شام 6بجے ہو گی جس میں نامور گلوکار پرفارم کریں گے جبکہ میچ 8بجے شروع ہو گا ۔میچ میں صدر مملکت سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے اور اس تناظر میں سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔مال روڈسے قذافی سٹیڈیم تک شاہراہوں پرلائٹیں اورپھول لگا کر انہیں سجایا گیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا فائنل کھیلنے کے لئے پشاور زلمی کے غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت پوری ٹیم اور دیگر عملہ پاکستان پہنچ گیا جنہیں بلٹ پروف گاڑیوں اور سخت سکیورٹی حصار میں ائیر پورٹ سے مال روڈ پر واقع فائیو سٹار ہوٹل لایا گیا ۔کھلاڑیوں اور غیر ملکی آفیشلز کی آمد کے موقع پر مال روڈ کے ایک حصے کو کچھ وقت کے لئے قناعتیں لگا کر بند رکھا گیا۔پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، کرس جورڈن، ڈیوڈ ملان، مارلن سیموئلز اور سمت پٹیل میں شامل ہیں، اس کے علاوہ کامران اکمل، محمد حفیظ، وہاب ریاض، حسن علی اور افتخار احمد بھی لاہور پہنچ چکے ہیں، پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور دیگر عملہ بھی لاہور پہنچ گیا ہے۔ غیر ملکی کمنٹیٹرز کے پاکستان نہ آنے کے باعث پی ایس ایل کے فائنل میں وسیم اکرم، وقار یونس اور رمیز راجہ کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ میچ کے دوران 5درجاتی سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت سکیورٹی کی اعلیٰ نگرانی کے لئے فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میںتعینات ہوں گے ، محکمہ صحت کی جانب سے لاہور کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔تمام متعلقہ سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان سپر لیگ فائنل کے پیش نظر صورتحال کو ”غیر معمولی“ قرار دیتے ہوئے سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دیدی ہے۔اعلیٰ پولیس افسران کے مطابق سکیورٹی کی اعلی نگرانی کے لیے پاک فوج، رینجرز اور پنجاب پولیس قذافی اسٹیڈیم کے اطراف کا کنٹرول سنبھالیں گی۔حساس اور چیلنجنگ صورتحال کے پیش نظر پانچ حصاروں پر مشتمل ایک اعلی سکیورٹی منصوبے کو حتمی شکل دےدی گئی ہے۔پی ایس ایل کے فائنل کے دوران سکیورٹی سے منسلک مختلف ذمہ داریوں کے حوالے سے صوبے بھر سے 10علی پولیس افسران کو طلب کیا گیا ہے۔طلب کیے گئے زیادہ تر افسران ڈسٹرکٹ پولیس آفسیرز ہیں اور انہیں دارالحکومت میں گزشتہ کام کے تجربے کی بنیاد پر بلایا گیا۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سب سے پہلے آرمی جواب دے گی، جبکہ رینجرز، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوج کی پیروی کریں گے۔پنجاب کانسٹیبلری، ڈولفن فورس، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس اور مختلف پولیس تھانوں کے اہلکار اسٹیڈیم کی جانب آنے جانے والے راستوں، قریبی عمارتوں اور سڑکوں پر بطور گارڈ تعینات کیے جائیں گے۔احتیاطی اقدامات کے طور پر اسٹیڈیم سے ملحقہ عمارتوں بشمول رہائشی عمارتوں کے مکینوں اور کاروباری پلازوں میں کام کرنے والوں کا ریکارڈ مرتب کر لیا گیا ۔سینئر پولیس آفیسرز کو پی ایس ایل فائنل سے منسلک ایک علیحدہ ٹاسک کے لیے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ڈی پی او چنیوٹ مستنصر فیروز اور ماڈل ٹاﺅن لاہور ڈویژن کے ایس پی اسماعیل کھڑک کو اسٹیڈیم کے اندرونی پولیس کے گھیرے کو یقینی بنانے، جبکہ ڈی پی او منڈی بہا اﺅلدین کو داخلی اور خارجی راستوں کی ذمہ داری دی گئی ہے۔لاہور کرائم ریکارڈ آفیسر ایس ایس پی عمران یعقوب پنجاب پولیس کے انٹیگریٹڈ کمانڈ سینٹر کی نگرانی کریں گے، جبکہ ایس پی مصطفی حمید بھی ان کی مدد کے لیے دستیاب ہوں گے۔اسی طرح ڈی پی او وہاڑی عمر سعید قومی رضاکار اور ایلیٹ فورس کے انچارج ہوں گے، جبکہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آپریشنز لاہور حیدر اشرف اور پولیس کمانڈنٹ کے ایس پی ہارون اینٹی رائیوٹ فورس کی نگرانی کریں گے۔پی ایس ایل کے فائنل میں شامل ہونے والے مرکزی قافلوں کی سکیورٹی کی نگرانی مجاہد اسکواڈ کے ایس پی فیصل شہزاد کریں گے، جبکہ ایس پی انویسٹی گیشن لاہور سٹی ڈویژن اضافی قافلوں کی سکیورٹی کو دیکھیں گے۔ایس پی گجرانوالہ سول لائنز ندیم کھوکھر کو ممکنہ طور پر میچ دیکھنے آنے والے صدر مملکت ممنون حسین کے قافلے کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔تمام قافلوں کی نگرانی کی ذمہ داری ڈی پی او اٹک زاہد حسین مروت کریں گے، جبکہ لاہور کے ایڈمن ایس ایس پی رانا ایاز سلیم کو پورے اسٹیڈیم کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain