حیدر آباد (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے چار سال تک سندھ پر توجہ نہیں دی ،آخری سال حکومت کو سندھ یاد آرہا ہے‘ وزیراعظم صرف اعلانات نہ کریں مال بھی لے کر آئیں‘ مال صرف لاہور اور رشتہ د اروں کے لئے رکھا گیا ہے‘ لوگ میاں صاحب کو سمجھ گئے ہیں‘ انصاف کے تقاضے طے کئے جائیں‘ فوجی عدالتوں کا شیڈول ہونا چاہئے‘ پی ایس ایل فائنل کرکے لگتا ہے ایٹم بم بنا لیا ہے۔ جمعہ کو حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے چار سال تک سندھ پر توجہ نہیں دی۔ آخری سال میں حکومت کو ٹھٹھہ اور سندھ یاد کررہا ہے۔ پی ایس ایل فائنل کراکے لگتا ہے ایٹم بم کا تجربہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد اپنے موقف سے بالاتر ہو کر فیصلہ کیا پشاور کے واقعہ کے بعد پوری قوم اٹھ کھڑی ہوئی۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اچھا ہوا ٹھٹھہ آگئے بار بار آتے رہو لوگ میاں صاحب کو سمجھ گئے ہیں وزیراعظم صرف اعلان نہ کریں مال بھی لے کر آئیں مال صرف لاہور اور رشتہ داروں کے لئے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں انصاف کے تقاضاے پورے ہونے چاہئیں ساری دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوانین بنتے ہیں فوجی عدالتیں ہمارے اصولوں کے خلاف ہیں انصاف کے تقاضے طے کئے جائیں فوجی عدالتوں کا شیڈول ہونا چاہئے۔ (ن غ)