لاہور(خصوصی رپورٹ) ایپکا نے مطالبات منظور نہ ہونے پرایک بار پھر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا، جس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ لاہور میں 16 اور22 مارچ کو سول سیکرٹریٹ چوک جبکہ 20 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں سرکاری ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں کمشنرز اور ڈی سی کے دفاتر کے سامنے دھرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (ایپکا) کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد چودھری نے گزشتہ روز ایک صوبائی اجلاس میں کیا ۔ اس موقع پر صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد نے کہا کہ ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ پر خادم اعلی پنجاب کے حکم پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے ایپکا مطالبات کی سمری منظوری کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کوبھجوا رکھی ہے جسے سردخانے میں ڈال دیا گیا ہے۔ متعدد بار یاددہانیوں کے باوجود تاحال منظور نہیں کیا گیا۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ملازمین میں سخت مایوسی چھا چکی ہے اور اب احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ اجلاس میں ضلعی صدور ایپکا فخر الرحمان اظہر، محمد افضال، محمد اکرم سرویا، چودھری ممتاز احمد ، عبدالعزیز بھٹی، امتیاز تتلہ، چودھری محمد بوٹا عابد ، وزیر احمد دستی، حمید اختر ، مقصود جلبانی ، رانا محمد افضل، راﺅ عبدالقیوم ، سید فدا حسین شاہ ،نصراللہ ہنجرا، محمد ممتاز منوکہ ، سردار محمد حنیف ،عبدالحمید شادا، لاہور ڈویژن کے صدر لالہ محمد اسلم ، ابو ہریرہ جنرل سیکرٹری سمیت دیگر عہدیدران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر لاہور ڈویژن کے صدر لالہ محمد اسلم اور جنرل سیکرٹری ابوہریرہ نے کہا کہ پنجاب حکومت جان بوجھ مطالبات پر عملدرآمد نہیں کروا رہی جو سراسر زیادتی ہے۔ اب مطالبات کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ 16 اور 22 ،30مارچ اور 20 اپریل 2017 کو لاہو کی سڑکوں سول سیکرٹریٹ اور چیئرنگ کراس پر دمامست قلندر ہو گا اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
