کراچی (آئی این پی )کراچی میں آپریشن ردالفساد کے تحت پولیس اور رینجرز کی کامیاب کارروائیاں جاری ۔ پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14 ملزمان سمیت متعدد مشتبہ افراد اور افغانی باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ نیو کراچی پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم 2 افغانی باشندوں کو گرفتار کرکے فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ شارع فیصل پولیس نے شیشہ کیفے پر کارروائی کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کیا ۔ گرفتار ملزمان میں 2 افغان باشندے، 7 شیشہ نوش اور ایک ڈکیت شامل ہے۔ موچکو پولیس نے کارروائی کے بعد 2 ملزمان مجید عرف منا اور یعقوب عرف شوکت کو جبکہ فیریئر پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔دوسری جانب رینجرز نے گلشن معمار جمالی گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ سرچ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سرچ آپریشن میں رینجرز کے 300 اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔ اس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔