نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے اقدامات سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل آسان ہوگیا، جس کے بعد پنجاب بھر میں شہریوں نے ریکارڈ ایک کروڑ 15 لاکھ لائسنس بنوالئے۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی پہنچے، انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے خدمت مرکز کا دورہ کیا اور ڈرائیونگ لائسنس کیلئے ٹیسٹ دینےوالوں سےملاقات کی۔
محسن نقوی نے آن لائن ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا اور ٹیسٹ میں فیل ہونے پر شہری کو دوبارہ تیاری کے ساتھ آنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے شہریوں سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل سے متعلق پوچھا، جس پر شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے سسٹم کو سراہا۔
شہریوں نے خدمت مرکز میں موجود عملے کے رویے اور کام کی بھی تعریف کی۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اب لائسنس بنوانےمیں تاخیر نہیں ہوتی، خدمت مرکز کا عملہ بھی رہنمائی اور تعاون کرتاہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے ٹوٹی ہوئی ٹائلز کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ٹوٹی ٹائلز کی جگہ فوری طور پر نئی ٹائلز لگائی جائیں۔