بھارت کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی نے اپنے جیل میں گزارے وقت سے متعلق تفصیلات بتائی ہیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ریا نے بتایا کہ ان کا جیل میں گزارا گیا وقت مشکل ترین تھا جس کا وہ تذکرہ بھی نہیں کرنا چاہتیں چونکہ ان کی گرفتاری کووڈ 19 کے دنوں میں ہوئی تھی اس لیے 14 دن تک بالکل تنہا ایک کمرے میں تھیں۔
اداکارہ نے بتایا ‘جو کھانے کے لیے دیا جاتا تھا وہ کھانا پڑتا تھا، مجھ سے پوچھا جاتا کہ بھوک لگی ہے تو کھانا کھاؤ، کھانے میں سوکھی روٹی اور پانی میں بھیگی شملہ مرچیں ہوتی تھیں’۔
ریا نے کہا ‘میں اپنی ساتھی قیدیوں کو دیکھتی تو میرے اندر احساس شکر پیدا ہوتا کیونکہ میں انہیں دیکھتی تھی کہ ان کے پاس کوئی فیملی سپورٹ نہیں، ان کے پاس ضمانت کے لیے 5 یا 10 ہزار روپے تک نہیں ہوتے تھے، میں سوچتی کہ میرے پاس کم سے کم فیملی اور دوست تو ہیں’۔
انہوں نے کہا ‘جیل میں ہمیشہ خود کو یہ کہہ کے تسلی دیتی کہ مجھے انصاف ضرور ملے گا، جب میں نے کچھ کیا ہی نہیں تو کیوں سزا ملے گی؟’
ریا چکرورتی نے بتایا کہ ‘جیل میں صبح 6 بجے ناشتہ، 11 بجے دوپہر کا کھانا اور دوپہر 2 بجے رات کا کھانا دیا جاتا تھا، کچھ لوگ دوپہر کا کھانا بچا لیتے تھے اور شام تک کھاتے لیکن میں سوچتی تھی کہ یہ کھانا ویسے ہی نہیں کھایا جاتا تو ٹھنڈا ہوکے تو بالکل نہیں کھایا جائے گا اس لیے میں نے اپنی روٹین ویسے ہی سیٹ کی’۔