ممبئی: بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی پاکستان مخالف فلم ‘فائٹر’ کی ریلیز پر متحدہ عرب امارات میں بھی پابندی عائد کردی گئی۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تمام خلیجی ممالک نے پاکستان کے خلاف بنائی جانے والی بالی ووڈ فلم ‘فائٹر’ کی ریلیز پر پابندی عائد کردی ہے اور صرف محتدہ عرب امارات نے فلم کی ریلیز کی اجازت دی ہے۔
اس بُری خبر سے فلم کے ہدایتکار، پروڈیوسرز، اداکار ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کو بڑا دھچکا لگا تھا، اب آج فلم کی ریلیز کے دن ایک اور بُری خبر سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی پاکستان مخالف فلم ‘فائٹر’ آج 25 جنوری کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگئی ہے لیکن اس فلم کو متحدہ عرب امارات میں ریلیز نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ خلیجی ممالک کے بعد، اب متحدہ عرب امارات میں بھی فلم ‘فائٹر’ کی ریلیز کو معطل کردیا گیا لیکن اس کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
واضح رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم میں حقائق کو توڑ موڑ کر سامعین کے سامنے پیش کیا گیا ہے، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد انڈین فضائیہ پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتی ہے۔
پاکستان کے خلاف بنائی گئی اس فلم کا ٹریلر دیکھ کر پاکستانی عوام اور شوبز شخصیات غصے سے آگ بگولا ہوگئے تھے، سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بھارتی فلم انڈسٹری، ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون پر شدید تنقید بھی کی گئی۔