جماعت اسلامی نے کراچی مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیا۔
عام انتخابات 2024 کے نتائج کے بعد جہاں ملک بھر سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے وہیں کئی سیاسی جماعتوں کے امیدواران نے نتائج ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے بھی کراچی میں الیکشن نتائج روکے جانے اور دھاندلی کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں جماعت کی جانب سے کہنا تھا کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ نامنظور۔
ساتھ ہی جماعت اسلامی نے کراچی کے 8 مختلف بڑے مقامات پر احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی ہے۔
ان 8 بڑے مقامات میں اسٹار گیٹ، کورنگی ڈھائی نمبر، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان، یوپی موڑ نارتھ کراچی، اورنگی پونے پانچ چورنگی، حسن اسکوائر،قائد آباد چورنگی، امتیاز سپر مارکیٹ ناظم آباد 7 نمبر شامل ہیں۔
مظاہروں کے اعلان کے ساتھ جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یہ احتجاجی مظاہرے 11 فروری بروز اتوار شام 4 بجے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھی احتجاج کی کال دی گئی ہے، سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ دوپہر 2 بجے لاہور میں لبرٹی چوک پر پُر امن احتجاج کیا جائے گا، سب لاہوری تیاری کریں۔
جبکہ فیصل آباد میں گھنٹہ گھر کے مقام پر احتجاج کیا جائے گا، راولپنڈی میں الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر، گجرانوالہ میں ریٹرننگ افسر این اے 77، پی ایچ اے آفس، گلشن اقبال پارک نیر شیلٹن ہوٹل اور لیبر آفس گل روڈ این اے 80 کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے، پی ٹی آئی کے مطابق 11 فروری کو دوپہر 2 بجے ملتان کی 9 نمبر چورنگی، بہالپور کے ڈسی آفس چوک، ڈیرہ غازی خان کے ٹریفک چوک پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
واضح رہے کراچی سمیت ملک بھر میں الیکشن نتائج میں تاخیر اور دھاندلی پر جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز بھی الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج کیا گیا تھا۔