اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے تعلیم انتہائی ضروری ہے ، معیاری تعلیم کے لئے اساتذہ کی بھرتی میرٹ پر کی جائے ، تعلیمی نصاب معاشرے اور حالات سے ہم آہنگ کرکے اساتذہ کو تربیت دی جائے ، خیبر پختونخوا میں تعلیمی نظام مثالی ہے ، کرپشن کا پیسہ پکڑ کر تعلیم پر خرچ کرینگے تاکہ قوم کے معماروں کی بہتر تربیت ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں تعلیم کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں کیا چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے بہتر اور معیاری تعلیم انتہائی ضروری ہے تحریک انصاف کا منشور معیاری تعلیم کی ضرورت پر زور دیتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے حالیہ برسوں میں خیبر پی کے حکومت نے تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے جو انقلابی کام کیا ہے اس پر ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے چالیس ہزار اساتذہ کو این ٹی ایس کے تحت بھرتی کیا تاکہ سفارشی کلچر کا خاتمہ ہوسکے کیونکہ اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوسکتا ہے کہ اساتذہ بھی سفارش پر بھرتی ہوں عمران خان نے کہا کہ ناقص سسٹم کے تحت سیاسی بنیادوں پر بھرتی کچھ اساتذہ بیرون ملک کام کررہے ہیں جو ملک وقوم کے لئے انتہائی ضرر رساں ہے تحریک انصاف تعلیم میں بھی انقلابی تبدیلیاں لارہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ طبقاتی نظام تعلیم کو یکساں نظام تعلیم سے بدلا جائے انگریزی وقت کی ضرورت ہے لیکن اس کے سیکھنے کا مقصد یہ نہیں کہ بچوں کو اپنے کلچر سے دور کیا جائے دراصل تعلیمی نظام اور اس کا نصاب معاشرے اور حالات کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ جدیدیت کے ساتھ ساتھ بچے اپنی رویات سے بھی باخبر رہے اور اس کے بل بوتے پر اپنے معاشرے کی اصلاح و ترقی کیلئے مثبت انداز میں اپنا کردار ادا کرسکے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہم اپنے منشور کے مطابق تعلیمی اصلاحات لارہے ہیں اور یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ خیبر کے پی کے میں نہ صرف ستر فیصد نئے سکول بچیوں کے لئے بن رہے ہیں بلکہ ہر تین کالجز میں سے دو کالجز طالبات کے ہیں جبکہ مدارس کے اساتذہ کو بھی تربیت دینے کے حوالے سے مخلصانہ کام ہورہا ہے تاکہ مدارس کے طلبہ کوبھی قومی دھارے میں لایا جاسکے انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے کرپشن کیخلاف مسلسل گھیرا تنگ کررکھا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ کرپشن کا جتنا پیسہ پکڑیں اسے تعلیم پر ہی خرچ کریں تاکہ حقیقی معنوں میں تبدیلی لائی جاسکے #/s#
