اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)معروف صحافی ریحام خان کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی جماعتوں کو خدا کا خوف ہوتا تو عزت دار گھرانوں کی خواتین ان کا حصہ بنتیں۔ گفتگو میں ریحام خان نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری جماعتیں نہیں ہیں۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ اب آمروں اور سیاستدانوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا وہ خواتین جوان کے جلسوں کی رونق بنتی ہیں آپ نے کبھی انہیں سٹیج پر بیٹھے دیکھا؟ پی ٹی آئی نے ریحام خان کے اس بیان کو براہ راست پارٹی پر حملہ ٹھہرادیا۔ ساتھ ہی بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی زوردار بحث چھڑگئی ہے۔ خواتین سمیت کئی افراد کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی جانب سے یہ بیان حقائق کے برعکس ہے۔ پی ٹی آئی کی رکن نازبلوچ نے ریحام خان کے بیان کے حوالے سے اپنے ٹوئٹر پر پیغام میں لکھا ریحام بی بی، پی ٹی آئی کی تمام خواتین کارکنان عزت دار ہیں اور انہیں آپ کی طرف سے کریکٹر سرٹیفکیٹ نہیں چاہیے۔ کارکن صائمہ ندیم نے لکھا ہم ریحام خان سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
